اندور، 4 ؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) افطار کے دوران کل رات یہاں مسجد میں اجتماعی افطار کے بعد بوہرا کمیونٹی کے تقریباََ1000لوگ بیمار پڑ گئے جنہیں الگ لگ اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ضلع انتظامیہ کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ(ایس ڈی ایم )شرنگار شریواستو نے آج بتایا کہ سیفی شہر میں بوہرا فرقہ کی مسجد میں روزہ افطار کے دوران اجتماعی دعوت کے بعد تقریباََ 1000افراد کو قے و دست کی شکایت ہو گئی۔ان میں بڑی تعداد میں خواتین اوربچے شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ معاملے کی اطلاع ملنے پر بیمار لوگوں کوشہرکے15مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔اس کے ساتھ ہی موقع پر ڈاکٹروں کی ٹیم بھیج کرلوگوں کا علاج شروع کیاگیا۔شریواستو نے بتایا کہ حکام کی ٹیم جب دیر رات موقع پر پہنچی تو مسجد میں کھانا ختم ہو چکا تھا۔اس لیے کھانے کے نمونے نہیں لیے جا سکے، تاہم کھانے والے لوگوں کے بیانات سے شبہ ہے کہ ناریل اور ماوے کی مٹھائی کے زہریلے ہونے سے ان کی طبیعت بگڑی ہے ۔ایس ڈی ایم نے بتایا کہ تقریباََ900بیمار لوگوں کو ابتدائی علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی،جبکہ100دیگر لوگ اب بھی الگ الگ ہسپتالوں میں داخل ہیں۔ان کی حالت فی الحال نارمل بتائی جا رہی ہے۔انتظامیہ معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔